خدیجہ شاہ کو شامل تفتیش کرنے کی اجازت اےٹی سی کے جج سے لی، سی سی پی او لاہور


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سی سی پی او لاہور نے عدالت میں جواب جمع کروا دیا ہے جس میں بتایا ہے کہ خدیجہ شاہ کو شامل تفتیش کرنے کی اجازت اےٹی سی کے جج سے لی تھی۔
لاہور ہائیکورٹ میں خدیجہ شاہ کی آئی جی پنجاب سمیت دیگر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس علی باقر نجفی نے خدیجہ شاہ کی درخواست پرسماعت کی۔
عدالت نے آئی جی پنجاب سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کیا تھا، جس پر سی سی پی او لاہور نے عدالت میں جواب جمع کروا دیا۔
سی سی پی اولاہور نےعدالت میں جمع کروائے گئے جواب میں بتایا کہ خدیجہ شاہ کے ملازم کو 18 اکتوبر کو گرفتار کیا گیا، شریک ملزمان کے بیانات کی روشنی میں خدیجہ شاہ کو شامل تفتیش کیا گیا۔
سی سی پی او نے اپنے جواب میں بتایا کہ خدیجہ شاہ کو شامل تفتیش کرنے کی اجازت اے ٹی سی کے جج سے لی گئی، اور شامل تفتیش ہونے کے بعد تفتیشی نے ریمانڈ کیلئےعدالت میں پیش کیا۔
سی سی پی او لاہور نے اپنے جواب میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ عدالت درخواست کو نمٹانے کا حکم دے۔