ایندھن بحران: پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن تقریباً معطل ہوگیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کا فلائٹ آپریشن ایندھن بحران کی وجہ سے تقریباً معطل ہوگیا۔
پی آئی اے کی ایک ہفتے میں 170 سے زائد ملکی اور غیر ملکی پروازیں متاثر ہوئیں جبکہ ادارے نے 110 سے زائد پروازیں منسوخ کردیں۔
پی آئی اے کا مالی بحران سنگین ہوگیا، ادائیگی کے لئے فنڈز نہ ہونےکی وجہ سے پی آئی اے کو پروازوں کے لیےطلب کے مطابق ایندھن کی فراہمی ممکن نہیں ہورہی، جس سے فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہے۔
قومی ایئرلائن گزشتہ ایک ہفتے کے دوران روزانہ ادائیگی کی بنیاد پر 1 ارب روپے سے زائد رقم ادا کرکے ترجیحی بنیادوں پر منتخب پروازوں کے لیے ایندھن حاصل کررہی ہے۔
قومی ایئرلائن نے آج بھی 20 سے زائد پروازیں ایندھن کی عدم فراہمی کے باعث منسوخ کیں۔
ذرائع کے مطابق دمام، لاہور، دبئی، تربت، اسلام آباد، ملتان اور سکھر سے کراچی آنے والی پرواز منسوخ کردی گئی ہے جبکہ کراچی سے تربت، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور سکھر جانے والی پروازیں بھی منسوخ کی گئی ہیں۔
پی ایس او اور پی آئی اے میں طے شدہ معاملے پر روزانہ 10 کروڑ روپے ادائیگی کی صورت میں ترجیحی پروازوں کے لئے ایندھن فراہم کیا جارہا ہے، ان میں منافع بخش روٹس کی فلائٹس کو ترجیح حاصل ہے۔
ایئرلائن ذرائع کے مطابق بینکوں کو قرض کی فراہمی کے لئےحکومت کی جانب سے گارنٹی کا انتظار ہے۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ انتظامیہ مالی معاملات کو بہتر بنا کر فلائٹس شیڈول کی بہتری کے لئے کام کررہی ہے۔