’کیا بول رہا ہے‘، پیشگوئی ناکام ہونے کے بعد نسیم شاہ بھارتیوں کے نشانے پر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انجری کے باعث ورلڈ کپ ٹورنامنٹ2023 سے باہر ہونے والے پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ کی پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے کی جانے والی پیشگوئی انہیں مہنگی پڑگئی۔۔
23 اکتوبر کو ہونے والے پاک افغان میچ میں پاکستان ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی، یہ گرین شرٹس کا ٹورنامنٹ میں پانچواں میچ اور مسلسل تیسری شکست تھی۔
میچ کے آغاز پرٹیم کی جیت کے لیے پُرامید نسیم شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ شئیر کی تھی، جس میں انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ میرا یقین کریں، پاکستان یہاں سے جیت جائے گا’۔


کرکٹر نے پاکستانی ٹیم کی جیت سے متعلق صارفین کی رائے لینے کیلئے مزید لکھا تھا کہ ’کوئی شک ہے؟‘۔
نسیم شاہ کا یہ یقین غلط ثابت ہوا اورافغانستان نے 49 ویں اوور میں میچ جیت لیا۔
اس شکست سے صارفین کے تبصروں کا طوفان اُمڈ آیا، لیکن سب سے زیادہ خوشی پاکستان کے روایتی حریف بھارت کو ہوئی جہاں کے سوشل میڈیا صارفین نے طنزومزاح سے بھرپور تبصروں میں نسیم شاہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔
ایک صارف نے نسیم شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’کیا بول رہا ہے‘۔


ایک صارف نے افغان کھلاڑی کی تصویر شئیر کرتے ہوئے نسیم شاہ پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ہیں جیتنے والے‘۔


ایک صارف نے نسیم شاہ کے اس پوسٹ کو ایمپائر کی تصویر کے ساتھ ری شئیر کیا، جس میں ایمپائر خاصا کشمکش میں مبتلا دکھائی دے رہے ہیں۔
ایک صارف نے نسیم شاہ کو طنزیہ کہا کہ ’گڈ ون نسیم‘۔