اسلام آباد

حفاظتی ضمانت ختم، کیا نواز شریف آج گرفتار کرلیے جائیں گے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)العزیزیہ ریفرنس اور ایون فیلڈ ریفرنس کے خلاف نواز شریف کی بحالی کی درخواست پر سماعت آج ہوگی، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتطامات کئے گئے ہیں۔ نواز شریف کی حفاظتی ضمانت آج ختم ہورہی ہے۔
مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف ایون فیلڈ، العزیزیہ ریفرنسز میں ضمانت اور سزا کیخلاف درخواستوں پر سماعت کی جائے گی۔
نواز شریف چھانگلہ گلی میں قیام پذیر ہیں جہاں سے وہ کچھ دیر بعد اسلام آباد کے لیے روانہ ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قائدن ن لیگ پہلے منسٹرز انکلیو جائیں گے، اور اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پر کچھ دیر قیام کریں گے اور اس دوران پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، اور پھر وکلاء کے ہمراہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے۔
کیس کی سماعت چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مبنی دو رکنی بینچ کرے گا۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، عدالتی احاطے میں بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔
رجسٹرار آفس نے بھی نواز شریف کی پیشی کے لیے سیکیورٹی سرکلر جاری کردیا ہے، جس کے مطابق نواز شریف کیس کی سماعت 2:30 بجے مقرر ہے، کمرہ عدالت میں داخلے کے لیے خصوصی پاسز جاری ہوں گے۔
نواز شریف کی لیگل ٹیم کو 15 افراد کی اجازت ہوگی، لاء افسران کو 10 پاسز اور صحافیوں کو 30 پاسز جاری کیے جائیں گے۔
24 اکتوبر کو العزیزیہ ریفرنس اور ایون فیلڈ ریفرنس کے خلاف نواز شریف کی بحالی کی درخواست پر ہونے والی سماعت میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا کہ درخواستگزار کے وکیل 26 اکتوبر متفرق درخواستیں قابل سماعت ہونے پرعدالت کو مطمئن کریں۔
ہائیکورٹ نے نواز شریف کی آج تک کی حفاظتی ضمانت منظورکرتے ہوئے گرفتاری سے روکنے کا حکم دیا تھا جبکہ نیب کی جانب سے قائد ن لیگ کو حفاظتی ضمانت ملنے پرکوئی اعتراض نہیں کیا گیا تھا۔
عدالت نے نواز شریف کی حفاظتی ضمانت میں بھی آج تک کی توسیع کے علاوہ درخواستوں پر نیب کو نوٹسز جاری کرکے جواب طلب کیا تھا۔

متعلقہ خبریں