بجلی کمپنی کے افسران کو مفت بجلی کے بجائے کتنی رقم ملے گی؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بجلی کمپنیوں کے افسران کو مفت بجلی کے بجائے رقم دینے کے معاملے پر کابینہ کی توانائی کمیٹی نے اہم اجلاس آج شام کو طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس نگراں وزیرِ توانائی محمد علی کی زیرِ صدارت ہو گا جس میں پاور ڈویژن کے گریڈ 17 سے 22 کے افسران کو مفت یونٹس کے بجائے رقم دینے کی سمری جاری کی جائے گی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مفت یونٹس کے بجائے رقم دینے کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی کمپنی کے گریڈ 17 کے افسران کو مفت یونٹس کے بجائے ماہانہ 15 ہزار 858 روپے اور گریڈ 18 کے افسر کو21 ہزار 996 روپے دینے کی تجویز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گریڈ 19کے افسر کو ماہانہ 37 ہزار 594، گریڈ 20 کے افسر کو 1100 یونٹس کے بجائے 46 ہزار 992 اور گریڈ21 کے افسر کو مفت یونٹس کے بجائے ماہانہ 55 ہزار 536 روپے دینے کی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق جنکوز کے گریڈ 17 کے افسر کو ماہانہ 24 ہزار 570 روپے، گریڈ 18 کے افسر کو ماہانہ 700 یونٹس کے بجائے 26 ہزار 460 روپے دینے کی تجویز ہے۔
گریڈ 19 کے افسر کو ماہانہ مفت یونٹس کے بجائے 42 ہزار 720 روپے دینے کی تجویز ہے جبکہ گریڈ 20 کے افسر کو ماہانہ یونٹس کے بجائے 46 ہزار 992 اور جنکوز کے گریڈ 21 کے افسر کو ماہانہ 55 ہزار 536 روپے دینے کی سفارش کی گئی ہے۔