بجلی کمپنیوں کے افسران کیلئے مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے بجلی کمپنیوں کے افسران کیلئے مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے 3 اہم فیصلوں کی تیاری کر لی جن کی آج منظوری کا امکان ہے۔ بجلی کمپنیوں کے ملازمین کیلئے مفت بجلی کی سہولت ختم کی جائے گی، تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کو ریاستی استثنیٰ اور اوگرا سے چھوٹ دینے کا فیصلے کے علاوہ موسم سرما میں صنعتی صارفین کو رعایتی نرخوں پر بجلی دینے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔
بتایا گیا ہے کہ گریڈ 17 سے گریڈ 21 کے افسران کو ماہانہ مفت یونٹس کی فراہمی بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے جس سے سالانہ 6 ارب روپے سے زائد بچت ہو گی۔ گریڈ 17 کے افسر کو 450 ماہانہ مفت یونٹس کی بجائے 15 ہزار 858 روپے دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ گریڈ 18 کے افسر کو ماہانہ 600 مفت یونٹس کی بجائے 21 ہزار 996 روپے دینے ، گریڈ 19 کے افسر کو ماہانہ 880 مفت یونٹس کی بجائے 37 ہزار 594 روپے دینے اور گریڈ 20 کے افسر کو ماہانہ 1100 مفت یونٹس کی بجائے 46 ہزار 992 روپے دینے جبکہ گریڈ 21 کے افسر کو ماہانہ 1300 مفت یونٹس کی بجائے 55 ہزار 536 روپے دینے کی سفارش کی گئی ہے ۔
جنریشن کمپنی کے گریڈ 17 کے افسر کو ماہانہ 650 مفت یونٹس کی بجائے 24 ہزار 570 روپے دینے کی سفارش کی گئی ہے، گریڈ 18 کے افسر کو ماہانہ 700 مفت یونٹس کی بجائے 26 ہزار 460 روپے ، گریڈ 19 کے افسر کو ماہانہ 1000 مفت یونٹس کی بجائے 42 ہزار 720 روپے ، گریڈ 20 کے افسر کو ماہانہ 1100 مفت یونٹس کی بجائے 46 ہزار 992 روپے اور جنریشن کمپنی کے گریڈ 21 کے افسر کو ماہانہ 1300 مفت یونٹس کی بجائے 55 ہزار 536 روپے دینے کی سفارش کی گئی ہے۔