سردیوں میں گھریلو صارفین کو گیس 8 گھنٹے ہی ملے گی ، وزیر توانائی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نگران وزیرِ توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ سردیوں میں گھریلو صارفین کو گیس 8 گھنٹے ہی ملے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد علی نے کہا کہ گیس قیمتوں میں اضافے کا اثر تندور والوں پر نہیں پڑے گا ،ایل پی جی قیمتوں اور سپلائی پر اوگرا کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، ایل پی جی سے متعلق سمری لا رہے ہیں،جو حالات ہیں لگتا ہے کہ گھروں کو ایل پی جی گیس پر شفٹ ہونا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ریفائنری نے روس کی ایک کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، پاکستان ریفائنری روس سے خام تیل خریدے گی، اس خام تیل کی درآمد سے 10سے 15 ڈالر فی بیرل فائدہ ہو گا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ مجموعی طور پر 8 گھنٹے تک گیس فراہم کر سکیں۔ سستی گیس کی وجہ سے گیس کمپنیوں کے نقصانات 400 ارب روپے ہیں، دسمبر کے لیے ایل این جی کے 2 کارگوز خرید لیے ہیں۔ جنوری کے لیے بھی ایل این جی کے 2 کارگوز خریدیں گے۔