العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس، اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ سنا دیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی اپیلیں بحال کرنےکی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ سنا تے ہوئے سابق وزیراعظم کی سزا کیخلاف اپیلیں بحال کردیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کےخلاف اپیلیں بحال کرنے اور نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر بھی سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل بینچ نے تمام درخواستوں کو یکجا کرکے سماعت کی۔
قائد مسلم لیگ (ن)کی جانب سے امجد پرویز ایڈووکیٹ اور اعظم نذیر تارڑ پیش ہوئے جبکہ نواز شریف بھی عدالت میں موجود تھے جب کہ پراسیکیوٹر جنرل نیب پراسیکیوشن ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
ڈی آئی جی نے اس دوران چیف جسٹس کی عدالت میں انٹری کے پوائنٹس کا جائزہ لیاتھا۔سکیورٹی سرکلر کے مطابق نواز شریف کیس کی سماعت آج 3 بجے مقرر کی گئی تھی۔ گزشتہ پیشی پر بغیر چیکنگ کے کئی افراد کمرہ عدالت میں زبردستی داخل ہوگئے تھے۔
آج کمرہ عدالت میں داخلے کیلئے خصوصی پاسز جاری کیے گئے، نواز شریف کی لیگل ٹیم کے 15 افراد کو داخلہ کی اجازت دی گئی۔