ملک بھر میں عام انتخابات 28 جنوری 2024 بروز اتوار کو متوقع


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات کی متوقع تاریخ سامنے آ گئی۔ قومی انتخابات کے لیے 28 جنوری 2024 بروز اتوار متوقع تاریخ ہے۔الیکشن کمیشن دو دن بعد سپریم کورٹ کو اس حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کر دے گا۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے مجوزہ تاریخ پر انتخابات کرانے کی تیاریاں شروع کر دی جائیں گی۔
گذشتہ روز الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کے نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو پر سخت ردعمل دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات میں تاخیر کے حوالے سے قیاس آرائیوں کی تردید کر دی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کی آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں ۔
صدر نے کل انٹرویو میں تاثر دیا کہ شاید انتخابات ملتوی ہو جائیں۔
انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن پہلے واضح کر چکا۔حلقہ بندیوں کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا۔اعتراضات دور کرنے کا دوسرا مرحلہ کل مکمل ہوگا۔ اعتراضات پر سماعت 30 اکتوبر کو شروع ہو گی۔ حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت کے فوراََ بعد انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا۔خیال رہے کہ صدر عارف علوی نے جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یقین نہیں کہ الیکشن جنوری کے آخری ہفتے میں ہوں گے، اب الیکشن کا معاملہ سپریم جوڈیشل کمیشن کے پاس چلا گیا ہے، امید ہے سپریم کوررٹ سے اچھا فیصلہ آئے گا، میں نے صوبوں کی نگران حکومتوں کو الیکشن کیلئے خط لکھا تھا لیکن مری بات کو سنا نہیں گیا، الیکشن کمیشن کو کہا تھا آئیں بیٹھ کر طے کرلیتے ہیں، پنجاب اور کے پی الیکشن کیلئے میرے خط کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا، پھر میں نے وزیرقانون کو بلایا تو انہوں نے کہا کہ آپ کااختیار نہیں ہے، میں نے خط میں آئین کا حوالہ بھی دیا، میں نے تجویز کیا تھا کہ 6 نومبر یا اس سے پہلے الیکشن کرائے جائیں ۔