ڈیورنڈ لائن پر تجارتی سرگرمیوں کی بحالی اور پاسپورٹ نظام کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا، پشتونخوا میپ
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے اور صوبائی سیکریٹری فقیر خوشحال کاسی نے پارٹی کی جانب سے چمن کے ہزاروں غیور عوام کی مثالی احتجاج کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے اسے ڈیورنڈ لائن کے آر پار آباد پشتون افغان عوام کے دیرینہ مسائل کی حل کی طرف مثبت قدم قرار دیا ہے اور اِس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ ملک کی مقتدرہ قوتوں نے اس عوامی احتجاج سے سبق لیا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انگریزی استعمار کی افغان دشمنی اور ڈیورنڈ لائن کے ذریعے افغان وطن و ملت کی تقسیم تو سمجھ میں آنے والی چیز ہے لیکن انگریز کے چلے جانے کے بعد اس ناجائز تقسیم کو برقرار رکھنا اور ایک ہی قوم کے افراد کو ایک خاص سازش اور منصوبے کے تحت جدا رکھ کر ان کے آمدورفت اور تجارت میں مزید رکاوٹیں پید اکرنا سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس اور تعجب کا اظہار کیا کہ ڈیورنڈ لائن کے آر پار عوام کیلئے جتنی مشکلات، رکاوٹیں ، تذلیل ، توہین و تضحیک آمیز رویے اور مختلف حیلے بہانوں کے ذریعے عوام کو لوٹنے جیسے انسانیت دشمن اقدامات اسلام کے نام پر بننے والے اس ملک میں کئے جارہے ہیں اسکی مثالیں انگریز دور میں بھی نہیں ملتی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ چمن سے تورخم تک ڈیورنڈ لائن کے دونوں جانب ایک ہی قوم کے لوگ آباد ہے جن کی دیگر مماثلتوں کے علاوہ خونی رشتے،رشتہ داریاں، زرعی زمینیں حتی کہ قبرستان بھی مشترک ہیں ان حقیقتوں کے باوجود اس وطن اور قوم کے افراد کو تقسیم کرنے کیلئے بضد قوتیں اس غیر انسانی، غیر اسلامی اور پشتون افغان دشمن منصوبے سے نہ صرف دستبردار ہو جائے بلکہ صدیوں سے جاری تجارت اور آمد ورفت میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی بجائے عوام کیلئےآسانیاں پیدا کریں کیونکہ سازشوں اور بہ زور قوت قوموں کو جدا رکھنے کے منصوبے نہ پہلے کامیاب ہوئی ہے اور نہ اب اس کے کامیابی کے امکانات موجود ہے۔ انہوں نے ڈیورنڈ لائن پر روایتی طریقوں کے برعکس پاسپورٹ کے ذریعے آمد روفت کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس پشتون افغان دشمن پالیسی کو کبھی بھی کامیاب ہونے نہیں دینگے اور جب تک ڈیورنڈ لائن پر تجارتی سرگرمیوں کی بندش، آمد ورفت میں رکاوٹوں اور عوام خصوصا خواتین کے ساتھ توہین وتضحیک کے رویے کا سلسلہ جاری ہے اس وقت تک ان انسانیت دشمن اقدامات کے خلاف بھر پور احتجاج کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائےگا۔ انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی ، نیشنل ڈیموکریٹک مو منٹ ، پشتون تحفظ مومنٹ اور پشتونخوا میپ کی طرف سے31 اکتوبر بروز منگل دو پہر 02:00 بجے کوئٹہ میں اعلان کردہ احتجاجی مظاہرے و جلسے کو کامیاب کرنے کیلئے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اس احتجاجی مظاہرے میں عوام کی شرکت یقینی بنانے کیلئے بھر پور تیاری کریں اور پشتون وطن دوست اور قوم دوست قوتوں کی یکجہتی اور قومی مسائل کے حل کیلئے ہونے والے احتجاج کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔