پیٹرول آدھی قیمت پر، کم ازکم تنخواہ 50 ہزار دینگے، علیم خان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) آج خانیوال میں اپنا پہلا عوامی جلسہ کررہی ہے۔ جلسے سے خطاب میں علیم خان کا کہنا ہے کہ ہماری پارٹی اقتدار میں آکر پیٹرول آدھی قیمت پر دے گی اور کم از کم تنخواہ 50 ہزار روپے کردی جائے گی۔
آئی پی پی نے خانیوال کے جہانیاں اسٹیڈیم میں جلسے کے لئے پنڈال سجایا، 100 فٹ چوڑا اور 40 فٹ اونچا سٹیج بنایا گیا۔
جلسے سے خطاب میں آئی پی پی کے صدر علیم خان نے کہا کہ غریبوں کو آدھی قیمت پر پیٹرول دیا جائے گا، پیٹرول کی پوری قیمت بڑی گاڑیوں والےادا کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ ملک میں کم از کم تنخواہ 50 ہزارروپے کی جائےگی، 300 یونٹ سے کم یونٹ والے صارفین کا خرچ حکومت اٹھائےگی۔ ساڑھے 12 ایکڑ والے کسانوں کو مفت ٹیوب ویل دیں گے۔
علیم خان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین اور میں نے بادشاہت اور باریاں لگانے والوں کے خلاف کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا، 2018 کے الیکشن کے بعد کرپشن کا نیا پاکستان بن گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ چیرمین پی ٹی آئی نے الیکشن کے بعد بزدار کا تحفہ دیا، عثمان بزدار فرنٹ مین تھا، پارسل آگے پہنچاتا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا 50 لاکھ گھر بنا کر دیں گے۔
علیم خان کا کہنا تھا کہ انھوں نے 50 لاکھ نوکریوں کا وعدہ کیا، ہم ایک کروڑ نوکریاں دیں گے۔
سانحہ نو مئی پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم نے اپنی آنکھوں سے شہدا کے مجسمے گرتے دیکھے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ جو 40 سال سے حکومت میں ہیں کب تک ان کو موقع دیں گے، ن لیگ ہر بار موقع مانگنے آجاتی ہے، آپ کو کتنا موقع دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غریب لوگوں کو اپنا گھر دیں گے، کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔
واضح رہے کہ استحکام پاکستان پارٹی نے جلسہ گاہ میں 30 سے 35 ہزار کرسیاں لگانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پنڈال میں 50 ہزار سے زائد افراد کی گنجائش ہے۔