ورلڈکپ، انگلینڈ کیخلاف بھارت کی بیٹنگ جاری، دو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ میں انگلینڈ کے خلاف بھارت کی بیٹنگ جاری ہے، ویرات کوہلی اور شبمن گل پویلین لوٹ گئے۔
بھارت کی میزبانی میں جاری ون ڈے ورلڈکپ کے 13ویں ایڈیشن کا 29واں میچ آج میزبان ٹیم اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ دونوں ٹیمیں لکھنو کے ایکانا اسپورٹس سٹی گراونڈ میں مدمقابل ہیں۔
انگلینڈ کی طرف سے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی گئی۔ بھارت کی طرف سے اوپننگ بلے باز روہت شرما نے ایک اچھی شروعات کی لیکن شبمن گل صرف 9 رنز بنا کر کرس ووکس کی گیند کا شکار ہوئے۔
بھارت کے اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی بھی 9 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے دسویں گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
خیال رہے کہ بھارت اس میچ میں فتح حاصل کرنے کی صورت میں ورلڈکپ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرجائے گا۔ دوسری طرف پوائنٹس ٹیبل پر موجود انگلینڈ کی پورے ٹورنامنٹ میں یہ دوسری فتح ہوگی۔