بارڈرز پر ون ڈاکیومنٹ پالیسی لاگو کرنا ریاست پاکستان کا فیصلہ ہے،صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ بارڈرز پر ون ڈاکیومنٹ پالیسی لاگو کرنا ریاست پاکستان کا فیصلہ ہے جس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ملک کے تمام بارڈرز کراسنگ پر امدورفت پاسپورٹ کی موجودگی سے منسلک ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چمن دھرنے کے شرکاء جان لیں کہ ون ڈاکیومنٹ رجیم کو عملی بنایا جائے گا۔ موجودہ حکومت بارڈر ایریا میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کےلیے تمام تر سہولیات کی فراہمی کےلیے تیار ہے جس میں تجارتی سہولیات کی فراہمی، مارکیٹس کا قیام و دیگر گورنینس کے مسائل کا مؤثر حل شامل ہیں لیکن ون ڈاکیومنٹ رجیم پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک میں بین الاقوامی بارڈر کراسنگ پر ون ڈاکیومنٹ کا ہونا ضروری ہوتا ہے۔ اس لیے ریاست پاکستان نے بھی ملک کے وسیع تر مفاد میں یہ فیصلہ کیا ہے کہ بارڈرز کراسنگ پر ون ڈاکیومنٹ رجیم کو لاگو کیا جائے تاکہ آمدورفت کو درست انداز میں مانیٹر کیا جا سکے۔