وسیم اکرم اپنی پہلی اہلیہ ہُما کے آخری لمحات یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کمنٹیٹر وسیم اکرم ایک انٹرویو کے دوران اپنی پہلی اہلیہ ہما کے ساتھ گزارے ہوئے آخری لمحات کے بارے میں بات کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے۔
ویڈیو بلاگنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے ہُما اکرم سے کی گئی پہلی اور آخری ملاقات کے حوالے سے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ہُما سے انکی پہلی ملاقات کراچی کی ایک پارٹی میں ہوئی تھی جہاں اس وقت کے کپتان عمران خان بھی انکے ہمراہ تھے۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ میں جنوبی افریقہ میں تھا جب مجھے معلوم ہوا کہ ہُما کی طبیعت ناساز ہے۔ میں نے واپس آکر ایئر ایمبولنس کے ذریعے ہُما کو سنگاپور لے جانے کا فیصلہ کیا۔ راستے میں ہمیں ری فیولنگ کیلئے چنئی میں رکنا تھا۔
سابق کپتان نے بتایا کہ ‘جب جہاز نے چنئی میں لینڈ کیا تو ہُما نے مجھے اپنے پاس بلایا۔ میں نے جونہی اس کا ہاتھ پکڑا تو اسکی آنکھیں بند ہوگئیں۔ مجھے لگا شاید ہُما سوگئی ہے جس کے بعد میں نے رونا شروع کردیا۔’
انہوں نے بتایا کہ چنئی میں جب ہما کی طبیعت مزید خراب ہوئی تو چنئی کے ہسپتال کے آئی سی یو میں ہُما کو ایڈمٹ کیا گیا لیکن اُن 4 سے 5 دنوں میں ہُما واپس ہوش میں نہیں آئی۔
سابق فاسٹ باولر نے کہا کہ ‘میرا ایک بیٹا 7 سال اور دوسرا 10 سال کا تھا، یہ پتا تھا انہیں پیار کرنا ہے لیکن سب بہت مشکل تھا۔’
بچوں کو ماں کے انتقال کی خبر سنانے کے سوال پر وسیم اکرم آبدیدہ ہوگئے۔ انہوں نے جذبات میں آکر کہا کہ ‘میرے بچے 3 دن ہُما کی دوست کے گھر رہے۔ جب انہیں واپس گھر بلایا تو انہیں کچھ سمجھ نہیں آئی۔’