عام انتخابات قریب ہیں‘ الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے، چیف الیکشن کمشنر


لاہور(قدرت روزنامہ)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ ملک میں عام انتخابات کا وقت قریب ہے، الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے، سب کو مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن یقینی بنانا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پنجاب کے وزیراعلیٰ ہاؤس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی ممبران اور پنجاب کابینہ نے شرکت کی، اجلاس میں عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کے انتظامات اور پنجاب حکومت کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں عام انتخابات کے لیے سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی اور عام انتخابات کے پرُامن، آزادانہ اور منصفانہ انعقاد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا اور فیصلہ ہوا کہ عام انتخابات کے سلسلے میں نگران پنجاب حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کے ساتھ کوآرڈینیشن کے لیے فوکل پرسن کی تقرری کی جائے گی۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ 30 نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا، عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے اور انتخابات کا وقت قریب ہے، سب کو مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن یقینی بنانا ہے جس کے لیے الیکشن کمیشن تیار ہے، پنجاب حکومت کے اب تک کے اقدامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں، ہماری جانب سے نگران پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کے لیے مکمل سپورٹ کی جائے گی۔
بتایا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات کی کوریج کیلئے غیرملکی میڈیا و مبصرین کو بھی مدعو کرلیا ہے، الیکشن کمیشن نے جنرل الیکشن میں غیر ملکی میڈیا اور مبصرین کی رجسٹریشن کے لیے اوپن ڈور پالیسی رکھی ہے، کسی بھی غیر ملکی صحافی اور مبصر کو تمام کوائف اور دستاویزات جمع کرانی ہوں گی، کسی بھی سیاسی جماعت سے وابستہ افراد کی بطور آبزرور رجسٹریشن نہیں کی جائے گی، کسی بھی ادارے سے ملحقہ شخص کی اتھارتی لیٹر کے بغیر رجسٹریشن نہیں کی جائے گی، کسی بھی غیر ملکی صحافی اور مبصر کو حکومت پاکستان سے سکیورٹی کلیئرنس لینا لازمی ہوگا۔