کوئی زیادتی نہیں ہوئی، چِلے نے مجھے نیا شیخ رشید بنا دیا، سابق وزیر داخلہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ انکے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوئی، انکا وزن 30 کلو کم ہوگیا ہے، چلے نے انہیں نیا شیخ رشید بنا دیا۔
راولپنڈی میں لال حویلی سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 مئی گندے لوگوں کا پروگرام تھا۔ ہم کل بھی پاک فوج کے ساتھ تھے اور آج بھی پاک فوج کے ساتھ ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہماری عظیم فوج ہے، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس آئی ندیم انجم ہماری شان ہیں۔ جنرل عاصم منیر میرے شہر کی عزت اور عظیم سپہ سالار ہیں، ہم نے کبھی فوج کے خلاف بات نہیں کی۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے خلاف راولپنڈی کی دونوں نشستوں پر میں ہی الیکشن لڑوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس وقاص رؤف نے تاریخی فیصلہ دیا ہے۔ میں تینوں کیسز میں بے گناہ ہوں، میرا 30 کلو وزن کم ہوگیا۔ آج کالج کا کوٹ پہنا ہے، صحت خراب ہے، ابھی رپورٹس آنی ہیں۔