کولکتہ، پاکستان بنگلہ دیش میچ کے دوران فلسطین کا جھنڈا لہرانے والے نوجوان گرفتار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان اور بنگلہ دیش میچ کے دوران فلسطین کا جھنڈا لہرانے پر 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارت کی میزبانی میں جاری ون ڈے ورلڈکپ کے 13 ویں ایڈیشن میں گزشتہ روز پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدمقابل آئیں۔ ایڈن گارڈنز، کولکتہ میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے باآسانی 7 وکٹوں سے مخالف ٹیم کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھیں۔
اس دوران سوشل میڈیا پر ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم سے ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں کچھ شائقین فلسطین کا جھنڈا اٹھائے کھڑے ہیں۔ اس دوران دونوں ٹیموں کو گراونڈ میں موجود میچ کھیلتے دیکھا جاسکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق میچ کے دوران فلسطین کا جھنڈا لہرانے پر پولیس نے 4 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم سے حراست میں لیے گئے افراد میں سے 2 جھارکنڈ جبکہ 2 کولکتہ کے ہی رہائشی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتار کیے گئے چاروں نوجوانوں نے اسٹیڈیم میں احتجاج کے طور پر صرف فلسطین کا جھنڈا لہرایا اور کوئی نعرہ نہیں لگایا۔
اس حوالے سے بھارتی پولیس کا کہنا تھا کہ جھنڈا لہرانے والے 2 افراد کو گیٹ نمبر 6 جبکہ دیگر 2 افراد کو بلاک جی 1 سے حراست میں لیا گیا ہے۔