اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان اور بنگلہ دیش میچ کے دوران فلسطین کا جھنڈا لہرانے پر 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا .
بھارت کی میزبانی میں جاری ون ڈے ورلڈکپ کے 13 ویں ایڈیشن میں گزشتہ روز پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدمقابل آئیں .
ایڈن گارڈنز، کولکتہ میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے باآسانی 7 وکٹوں سے مخالف ٹیم کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھیں .
اس دوران سوشل میڈیا پر ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم سے ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں کچھ شائقین فلسطین کا جھنڈا اٹھائے کھڑے ہیں . اس دوران دونوں ٹیموں کو گراونڈ میں موجود میچ کھیلتے دیکھا جاسکتا ہے .
بھارتی میڈیا کے مطابق میچ کے دوران فلسطین کا جھنڈا لہرانے پر پولیس نے 4 افراد کو حراست میں لے لیا ہے . ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم سے حراست میں لیے گئے افراد میں سے 2 جھارکنڈ جبکہ 2 کولکتہ کے ہی رہائشی ہیں .
بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتار کیے گئے چاروں نوجوانوں نے اسٹیڈیم میں احتجاج کے طور پر صرف فلسطین کا جھنڈا لہرایا اور کوئی نعرہ نہیں لگایا .
اس حوالے سے بھارتی پولیس کا کہنا تھا کہ جھنڈا لہرانے والے 2 افراد کو گیٹ نمبر 6 جبکہ دیگر 2 افراد کو بلاک جی 1 سے حراست میں لیا گیا ہے .