رفاح کراسنگ کھل گئی ، غزہ میں پھنسے غیر ملکیوں کا انخلاء شروع


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)غزہ میں پھنسے غیر ملکیوں نے رفاح بارڈر کے ذریعے انخلا شروع کر دیا ہے۔
غزہ میں اسرائیلی حملوں کے بعد غیر ملکیوں کی بڑی تعداد علاقے میں پھنس چکی تھی تاہم جنگ کے بعد سے پہلی بار رفاح کراسنگ کھلنے پرغیرملکیوں کا انخلا شروع ہو گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ میں پھنسے قافلوں کو مصر اورغزہ کے راستے امداد فراہم کردی گئی ، تاہم کسی کو کراسنگ کی اجازت نہیں تھی، اب رفاح کراسنگ کھلنے کے بعد غیر ملکیوں، دُہری شہریت کے حامل افراد اور تقریباً 90 کے قریب شدید زخمیوں کے آج ہی غزہ سے انخلا کی توقع ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق قطر نے امریکا کے ساتھ بات چیت کے ذریعے مصر، اسرائیل اور حماس کے درمیان معاہدے کے لیے ثالثی کی جس کے بعد غزہ میں محتاط انخلا کی اجازت دی گئی۔
معاہدے کے نتیجے میں غیر ملکی پاسپورٹ رکھنے والوں اور بعض شدید زخمی افراد کو رفاح کراسنگ کے ذریعے غزہ سے انخلا کی اجازت ہوگی تاہم اس حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا گیا کہ رفاح کراسنگ کو انخلا کے لیے کب تک کھلا رکھا جائیگا۔