کراچی: غیر قانونی غیر ملکیوں کیخلاف آپریشن، 25 زیرِ حراست


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو وطن واپس بھیجنے کے لیے پولیس کی جانب سے ملک بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔
کراچی: 25 غیر قانونی غیر ملکی زیرِ حراست
پاکستان کے سب سے بڑے شہر، معاشی حب، کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف پولیس نے آپریشن کیا۔
سرچ آپریشن کے دوران 25 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد کو ہولڈنگ سینٹر منتقل کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ غیرملکیوں کے خلاف ڈسٹرکٹ ایسٹ کی نفری بھی حصہ لے رہی ہے اور گھر گھر تلاشی کا عمل جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق آپریشن میں لیڈیز پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
ایس ایس پی ایسٹ کراچی عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
سپر ہائی وے گنا منڈی میں بھی گزشتہ رات غیر قانونی غیر ملکیوں کی تلاش کے لیے پولیس نے آپریشن کیا۔
ایس ایس پی عرفان بہادر کے مطابق گزشتہ رات سے جاری کارروائی میں اب تک 77 غیر ملکیوں کو حراست میں لیا گیا ہے، زیرِ حراست غیر ملکیوں کو حاجی کیمپ میں واقع سہولت مرکز منتقل کیا جائے گا۔
ایس ایس پی عرفان بہادر کا بتانا ہے کہ تمام غیر ملکیوں کو بسوں کے ذریعے چمن بارڈر سے افغانستان روانہ کیا جائے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ غیر قانونی طور مقیم افراد کے مکمل انخلاء تک آپریشن جاری رہے گا۔
رحیم یارخان میں ہولڈنگ مرکز قائم
رحیم یارخان کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق غیر ملکی تارکینِ وطن کے لیے بستی پرساں میں ہولڈنگ مرکز قائم ہے۔
ہولڈنگ مرکز میں نادرا اور ایف آئی اے کی جانب سے دستاویزات کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔
رحیم یارخان کی ضلعی انتظامیہ کا بتانا ہے کہ 30 سے زائد رجسٹرڈ خاندان کے کوائف حاصل ہوئے ہیں۔
مختلف علاقوں میں 200 سے زائد خاندان مقیم ہیں جن کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
راجن پور سے 185 غیرملکیوں کی اپنے وطن واپسی
راجن پور کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق ہولڈنگ کیمپ میں 38 غیرملکی تارکینِ وطن موجود ہیں، آج غیرقانونی غیرملکیوں کو اپنے وطن واپس بھیجا جائے گا، 185غیر ملکی تارکین کی رضاکارانہ طور پر واپسی ہو چکی ہے۔
سرگودھا: 244 غیر قانونی غیر ملکی ہولڈنگ کیمپ منتقل
سرگودھا کے کمشنر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 244 غیر قانونی غیر ملکیوں کو ہولڈنگ کیمپ منتقل کیا گیا ہے۔
کمشنر کے مطابق سرگودھا سے 114، خوشاب سے 3، میانوالی سے 85، بھکر سے 42 غیر قانونی غیر ملکیوں کو ہولڈنگ کیمپ لایا گیا ہے۔
کمشنر کا یہ بھی کہنا ہے کہ غیر ملکیوں کی جانب سے کوائف کی تصدیق کرنے اور افغان کارڈ دکھانے پر 170غیر ملکیوں کو چھوڑ دیا گیا جبکہ 74 غیر ملکیوں کو دستاویزات فراہم نہ کرنے پر آج واپس بھیجا جائے گا۔
ہنگو سے 58 افغان خاندان واپس چلے گئے
ہنگو کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق غیرقانونی غیرملکیوں کی واپسی کاسلسلہ جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر ہنگو نے کہا ہے کہ ضلع بھر سے 58 افغان خاندان واپس چلے گئے ہیں جبکہ 269 افغان شہریوں کو انفرادی طور پر واپس بھیج دیا گیا ہے۔