ساتھی صحافی کی شہادت کی لائیو خبر دینے والا رپورٹر آبدیدہ، اینکر بھی روپڑی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)غزہ کی صورتحال کی رپورٹ دینے والے صحافی نے جب اپنے ساتھی کی شہادت کی خبر دی تو وہ بے اختیار آبدیدہ ہوگیا جب کہ خاتون اینکر بھی آنسو ضبط نہ کرسکی، اور براہ راست نشریات میں رونے لگی۔
فلسطین میں جہاں اسرائیل کی جانب سے بمباری اور حملوں کے دوران آئے روز بچوں اور خواتین کی شہادت کے دلسوز مناظر دنیا بھر میں دیکھے جارہے ہیں، وہیں اب تک متعدد صحافی اپنے دیگر ساتھیوں کی موت کی خبر دیتے ہوئے روتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کا رپورٹر عاجل بھی اپنے چینل کو غزہ سے براہ راست آگاہ کرتے ہوئے رو پڑا، جب کہ اسے اپنے ہی ساتھی کی موت کی خبر اینکر کو بتانی پڑی۔
عاجل نے بیپر دیتے ہوئے کہا کہ صرف آدھا گھنٹہ پہلے ہمارا ساتھی رپورٹر محمد ابو حاتب یہاں تھا اور اب وہ ہمیں چھوڑ کر چلا گیا ہے۔
ساتھی صحافی کی شہادت کی خبر دینے والا رپورٹر عاجل آبدیدہ ہوگیا، اور لائیو رپورٹنگ میں پریس جیکٹ اور ہیلمٹ اتار دیا۔ جب کہ ٹی وی اینکر بھی لائیو نشریات کے دوران رونے لگی اور مجبوراً اسے اپنا منہ ٹی وی کیمرہ کی طرف سے موڑنا پڑا، تاہم اس کے رونے کے مناظر کیمرے کی آنکھ نے عکس بند کرلئے، اور یہ ویڈیو دنیا بھر میں ہزاروں افراد نے دیکھ لی ہے۔