نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی سے کوئٹہ میں تعینات افغان ناظم الامور گل حسن کی ملاقات

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی سے کوئٹہ میں تعینات افغان ناظم الامور گل حسن نے یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان دو طرفہ انگیجمنٹ کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے افغان ناظم الامور کو اعتماد میں لیا اور کہا کہ پاکستان ایک مہمان نواز ملک ہے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی جاری رکھیں گے۔ افغانی ہمارے بھائی ہیں اور ہماری مہمان نوازی کا کلچر جاری و ساری رہے گا پاکستان میں تقریباً 1.7 لاکھ غیر قانونی تارکینِ وطن موجود ہیں۔ جن کے پاس یو این ایچ سی آر کا کارڈ موجود ہے ان کو بلکل بھی تنگ نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ افغانستان افغانوں کا دوسرا ملک ہے سفارتی سطح پر دو طرفہ تعلقات کو مذید وقعت دینا چاہتے ہیں افغانستان کے ساتھ بارڈر پر فلیگ میٹنگ بھی جاری رہیں گی ۔

ریاست پاکستان نے غیر قانونی غیر ملکیوں کو نکالنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ پاکستان کا حق ہے پاکستان کو اپنی پالیسیاں بنانے اور فیصلوں پر عملدرآمد کرنے کا پورا حق ہے۔ جس طرح کسی بھی آذاد ملک کے پاس یہ اختیار ہوتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ یہ فیصلہ کسی ایک کمیونٹی کے خلاف نہیں بلکہ تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کےلیے ہے چاہئے ان کا تعلق کسی بھی ملک سے ہو۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے مذید کہا کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کے ساتھ کسی قسم کا ناروا سلوک نہیں کیا جائے گا وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے سختی سے احکامات دیے ہیں کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کو عزت و احترام کے ساتھ واپس اپنے وطن بھیجا جائے۔ اسی لیے تمام تر انسانی حقوق کو خاطر میں لاتے ہوئے اقدامات کیے گیے ہیں تاکہ ان کو کسی قسم کی تکلیف نا پہنچے۔