کاروبار میں مسلسل تیزی ، پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے ریکارڈ قائم کر لیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کاروبار میں مسلسل تیزی کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے ایک اور نیا ریکارڈ قائم کر لیا، پی ایس ایکس نے ساڑھے 6 سال بعد 53 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر لی۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعے کو مارکیٹ میں زبردست تیزی کے بعد اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ 100 انڈیکس میں 600 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،جس کے بعد کاروبار کے دوران 100 انڈیکس 53 ہزار 248 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ قبل ازیں 100 انڈیکس 24 مئی 2017ء کو بلند ترین سطح 53 ہزار127 کی سطح پر پہنچا تھا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ انتخابات کی تاریخ کے اعلان سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، اس کے علاوہ آئی ایم ایف سے جائزہ مذاکرات میں پیشرفت کا بھی مارکیٹ پر مثبت اثر پڑا ہے۔