اسد قیصر جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا
اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کو مقامی عدالت میں پیش کیا، پی ٹی آئی کی جانب سے شعیب شاہین، بیرسٹر گولی اور سردار مصروف عدالت میں پیش ہوئے ، تھانہ بنی گالا کے تفتیشی افسر نے عدالت سے اسد قیصر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ جب تک خیبرپختونخوا پولیس نہیں آتی، جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجا جائے۔
تفتیشی افسر کے مؤقف پر شعیب شاہین نے کہا کہ اسد قیصر کے وکلا کو بتایا جائے کہ پولیس کیا چاہتی ہے، اسد قیصر کو گرفتار کرنے کا اختیار اسلام آباد پولیس کو کس نے دیا؟ کل الیکشن کا اعلان ہوا اور اسد قیصر کو آج گرفتار کر لیا گیا۔ اسد قیصر کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اسد قیصر کو اس کیس میں رہا کیا جائے ،اسد قیصر کو مقدمے سے ڈسچارج کیا جائے ۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے اسد قیصر کو جوڈیشل لاک اپ میں رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اینٹی کرپشن کے پی پولیس ایک ہفتے کے اندر قانونی کارروائی مکمل کرے، جس کے بعد پولیس اسد قیصر کو لے کر اڈیالہ جیل روانہ ہوگئی۔