ڈالر اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فوائد ملنے کا سلسلہ رک گیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ڈالر اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فوائد ملنے کا سلسلہ رک گیا،دو ہفتوں میں مہنگائی میں ہونے والی کمی کے بعد مہنگائی بڑھنے لگی۔
ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.71فیصد اضافہ ہوگیا۔ ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر بنیادی اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں تقریباً 30فیصد اضافہ ہوا۔
گزشتہ ہفتے چودہ اشیا کی قیمتوں میں اضافہ اور چودہ میں کمی ہوئی،ایک ہفتے میں ٹماٹر 34روپے اضافے کے بعد اوسطا165روے فی کلو ہوگیا،پیاز 25روپے اضافے کے ساتھ 123روپے فی کلو تک پہنچ گیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق زندہ مرغی کی اوسطا قیمت 37روپے اضافے سے 349روپے فی کلو تک پہنچ گئی،چائے، چینی چاول، دودھ،لہسن،آلو،انڈے اور جلانے کی لکڑی بھی مہنگی ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ایل پی جی گھریلو سلینڈر 33روپے کمی سے 3125روپے کا ہوگیا۔ ادارہ شماریات کے مطابق گھی سات روپے کمی سے 522روپے فی کلو ہوگیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق دال مونگ،دال مسور، دال چنا، ماش، کیلا، گڑ اور آٹے کی قیمتوں میں معمولی کمی ہوئی۔