ورلڈکپ: نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں سلو اوور ریٹ پر آئی سی سی کا پاکستان ٹیم پر جرمانہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں سلو اوور ریٹ پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے پاکستان ٹیم پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 13 ویں ایڈیشن میں گزشتہ روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل آئیں۔ پاکستان نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت 21 رنز سے فتح اپنے نام کی۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف مقررہ وقت تک 2 اوورز کم کرائے تھے۔ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں پر 10، 10 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے غلطی کو تسلیم اور جرمانے کی سزا کو قبول کیا ہے۔