زیادہ لسٹ اے سنچریاں ، فخر زمان نے ظہیر عباس اور یووراج سنگھ کا ریکارڈ برابر کردیا


لاہور (قدرت روزنامہ)قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے زیادہ لسٹ اے سنچریاں سکور کرنے کا ایشین بریڈمین ظہیر عباس کا ریکارڈ برابر کردیا . 33 سالہ فخر زمان نے ورلڈ کپ 2023ء میں نیوزی لینڈ کیخلاف 126 ناٹ آئوٹ کی شاندار باری کھیلی جو ان کے لسٹ اے کیریئر کی 19 ویں سنچری تھی اور اس کے ساتھ ہی ظہیر عباس کا ریکارڈ برابر کردیا .


فخر زمان اب تک 149 لسٹ اے میچز کی 147 اننگز میں 8 مرتبہ ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے 47.99 کی اوسط سے 6671 رنز سکور کرچکے ہیں جس میں 19 سنچریاں اور 37 نصف سنچریاں شامل ہیں . قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اب 29 سنچریوں کے ساتھ سب سے زیادہ لسٹ اے سنچریاں سکور کرنے والے پاکستانی بلے باز ہیں . خرم منظور 27 لسٹ اے سنچریوں کے ساتھ دوسری پوزیشن پر موجود ہیں .
قومی ٹیم کے سابق مایہ ناز اوپنر سعید انور 26 سنچریوں کیساتھ تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں .
سابق قومی کپتان سلمان بٹ 24 سنچریوں کے ہمراہ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں ، قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے 21 سنچریوں کے ساتھ 5 ویں پوزیشن سنبھال رکھی ہے ، ایشین بریڈ مین ظہیر عباس اور فخر زمان 19، 19 سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر چھٹے جب کہ سابق ٹیسٹ اوپنر سلیم الہی 18 سنچریاں سکور کرکے 7 ویں پوزیشن پر موجود ہیں .
سابق ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ اور احمد شہزاد 17، 17 سنچریوں کے ساتھ مشترکہ طور پر 8 ویں ، سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد ، سابق ون ڈے کپتان اظہر علی اور آل رائونڈر شعیب ملک 16،16 سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر 9 ویں جب کہ سابق کپتان محمد یوسف ، رمیز راجہ اور عمران فرحت 15، 15 لسٹ اے سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر 10 ویں نمبر پر موجود ہیں . قومی ٹیم کے اوپنر شان مسعود 14 لسٹ اے سنچریوں کے ہمراہ اس فہرست میں 11 ویں پوزیشن پر براجمان ہیں .

. .

متعلقہ خبریں