ایک ماہ میں عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں 10 فیصد سے زائد اضافہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)فلسطین اور اسرائیل تنازعہ پر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھتی جا رہی ہے، جس سے عالمی اقتصادی بحران پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
اسی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، ایک ماہ میں سونے کی قیمت میں دس فیصد سے زائد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اکتوبر کے شروع میں فی اونس سونے کی قیمت ایک ہزار 815 ڈالرتھی جو اب 2 ہزار ڈالر فی اونس تک پہنچ چکی ہے، میڈیا ذرائع کے مطابق مئی 2023ء کے بعد یہ سب سے زیادہ قیمت ہے۔
دوسری جانب بلومبرگ کے ایک اعلیٰ ماہر مائیک میک گلون نے سونے کی قیمت بارے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2024ء میں سونے کی قیمت 3 ہزار ڈالرفی اونس تک پہنچ سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر 2023ء کے آخر تک امریکی کساد بازاری کی پیش گوئیاں درست ثابت ہوئیں تو سونے کی قیمت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں سونے اور ڈالر کی قیمت میں دوبارہ اضافے کا رجحان ہے۔