یو اے ای،20ممالک کے شہریوں کیلئے دبئی کے وزٹ ویزوں پر پابندی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)متحدہ عرب امارات نے 20ممالک کے شہریوں کیلئے دبئی کے وزٹ ویزوں پر پابندی لگا دی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای نے حال ہی میں 20ممالک کے شہریوں کو دبئی کے وزٹ ویزے کے اجرا پر پابندی عائد کردی ہے۔
20ممالک کے شہریوں پر عائد کی گئی پابندی کو فوری طور پر نافذ کردیا گیا ہے۔ اس کا مقصد متحدہ عرب امارات میں زائد قیام اور غیر قانونی ملازمت کی سرگرمیوں سے متعلق مسائل کو حل کرنا ہے۔
جن ممالک پر پابندی کا اطلاق کیا گیا ہے، ان میں برونڈی، جمہوریہ گنی، گیمبیا، ٹوگو، جمہوری جمہوریہ کانگو، گھانا، سیرا لیون، سوڈان، کیمرون، نائیجیریا، لائبیریا، سینیگال، بینن، آئیوری کوسٹ، کانگو، روانڈا، برکینا فاسو، گنی بسا، اور کوموروس شامل ہیں۔
یہ فیصلہ یو اے ای کے ایک نئے ویزا نظام کے حالیہ اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس کے مطابق نائجیریا کے ایسے شہریوں کو کوئی وزٹ ویزا جاری نہیں کیا جائے گا جن کی عمریں 40سال سے کم ہیں۔