پاکستان نے ایکسٹرنل فنانسنگ گیپ پورا کرنے کا پلان آئی ایم ایف سے شیئر کردیا
اسلام آباد(قدررت روزنامہ) پاکستان نے ایکسٹرنل فنانسنگ گیپ پورا کرنے سے متعلق منصوبہ آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کردیا۔
پاکستان کی معاشی ٹیم نے ایکسٹرنل فنانس گیپ پورا کرنے کے انتظامات، تفصیلات اور نئی تجاویز سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کو آگاہ کردیا ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق نگراں حکومت کو رواں مالی سال میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں بڑے اضافے کی توقع ہے اور ایکسٹرنل فنانس گیپ کو براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سے پورا کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ہے جب کہ عرب ممالک توانائی، ایوی ایشن، معدنیات اور زراعت میں بڑی سرمایہ کاری کریں گے۔ عرب کمپنیاں ائرپورٹس اوربندرگاہوں کی استعداد بڑھانے اور چلانے میں سرمایہ کاری کریں گی۔ اسلام آباد ائرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ رواں ماہ ہونے کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں خلیج تعاون تنظیم سے آزاد تجارتی معاہدہ ہوگیا ہے اور اب باہمی سرمایہ کاری معاہدہ کیا جارہا ہے۔ آئی ایم ایف نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل پر وزارت خزانہ سے بریفنگ مانگ لی ہے اور سوال کیا گیا ہےکہ کونسل کے اقدامات سے ٹیکس وصولی اور سبسڈیز پر کیا اثرات ہوں گے۔
فرانس، جرمنی اور جنوبی کوریا کی ڈسکوزکے انتظامی کنٹرول والےطویل مدت معاہدوں میں دلچسپی ہے جب کہ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن ڈسکوزکا انتظامی کنٹرول نجی شعبے کو دینے پر بھی مشاورت جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق جنوری سے توانائی، ایوی ایشن، معدنیات اور زراعت میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری بڑھےگی۔