بابر اعظم سے 31 ماہ بعد ون ڈے کی حکمرانی چھن گئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ میں بھارتی بلے باز شبمن گل نے 950 دن بعد کپتان بابر اعظم کی اسٹریک ختم کردی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ون ڈے رینکنگز کے مطابق شبمن گل اپنی حالیہ کارکردگی کی بنا پر عالمی نمبر ون بن گئے۔ آئی سی سی نے بھارتی اوپننگ بلے باز کو بہترین بلے باز قرار دے دیا۔
ون ڈے رینکنگز کے مطابق شبمن گل کی ریٹنگ اس وقت 830 جبکہ بابر اعظم کی رینکنگ 824 ہے۔ بابر اعظم 950 دن تک ون ڈے رینکنگز میں عالمی نمبر ون بلے باز رہے۔
خیال رہے کہ بابر اعظم نے 14 اپریل 2021 کو بھارتی بلے باز ویرات کوہلی سے عالمی نمبر ون کی پوزیشن چھینی تھی۔ ویرات کوہلی کے پاس 41 ماہ تک ون ڈے کی حکمرانی رہی تھی۔
دوسری طرف ون ڈے رینکنگز میں بھارتی گیند باز محمد سراج پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔ اس سے پہلے یہ اعزاز پاکستانی فاسٹ باولر شاہین شاہ آفریدی کے پاس تھا۔