وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سکھ یاترا بکنگ پورٹل کا افتتاح کر دیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں پہلی بار مذہبی سیاحت پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا، نگراں وزیرِ اعلی پنجاب محسن نقوی نے سکھ یاترا بکنگ پورٹل کا افتتاح کر دیا۔
سکھ یاترا بکنگ پورٹل کے ذریعے دنیا بھر سے سکھ یاتری صوبے میں آن لائن ہوٹل بکنگ کی سہولت حاصل کر سکیں گے،سکھ یاترا بکنگ پورٹل کے ذریعے آمد و رفت کے لیے گاڑی کا انتخاب اور سیکیورٹی سروسز ہائر کرنا ممکن ہو گا، ٹورز کے دوران سکھ یاتریوں کو وی آئی پی کا درجہ حاصل ہو گا۔
سکھ یاترا بکنگ پورٹل کے افتتاح کے موقع پر نگراں وزیرِ اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ سکھ یاتریوں کی بھرپور مہمان نوازی کی جائے گی، انہیں پاکستان آنے پر کوئی دشواری نہیں ہو گی،انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مذہبی ٹورازم کے فروغ کے لیے ٹورازم پولیس بھی قائم کی جائے گی۔
پربندھک کمیٹی کے ممبر ممبال سنگھ نے اس موقع پر کہا کہ سکھ یاترا بکنگ پورٹل کے قیام پر نگراں وزیرِ اعلی پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہیں،ڈاکٹر ممبال سنگھ نے کہا کہ سکھ یاتری سال میں 4مرتبہ پاکستان آتے ہیں، اب بہت آسانی ہو گی۔
پاکستان آنے والے سکھ یاتری محبتوں کو فراموش نہیں کر سکتے، پاکستان سے واپس جانے والے سکھ یاتری پیار کے گن گاتے ہوئے بے لوث سفارت کار بن جاتے ہیں،سکھ رہنما نے کہا کہ نگراں وزیرِ اعلی پنجاب محسن نقوی نے سکھ یاتریوں کے لیے سکھ یاترا بکنگ پورٹل قائم کر کے دل جیت لیے ہیں۔