کوئٹہ میں بارش سے نکاسی آب کا نظام متاثر، گیس پریشر میں کمی، بجلی کی آنکھ مچولی سے شہری بیزار


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بارش سے نکاسی آب کا مسئلہ سر اٹھانے لگا اور ساتھ ہی گیس پریشر میں کمی ، بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی جس سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں بارش سے نکاسی آب نے لوگوں کو ذہنی کوفت میں مبتلا کردیا گٹروں ،نالیوں کا پانی ابل کر سڑکوں پر بہنے سے چلنے پھرنے میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ حکومتی عدم توجہی کے باعث بارش سے سڑکیں دریا کا منظر پیش کرنے لگا اور گاڑیوں کے رش میں بھی اضافہ ہوا۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی کارکردگی بھی مایوس کن ہے ادارہ کے قیام سے لوگوں کو کوئی سہولت نہیں مل رہی ہے۔ سڑکوں اور فٹ پاتھوں کے قریب پڑے کچہرے کے ڈھیر بارش کے پانی میں شامل ہونے سے پانی کے بہا? میں رکاوٹ پیش آرہی ہے۔سالاں سال سے نالوں کی صفائی نہ ہونے سے کچہرے سے بھرے ہوتے ہیں۔ صفائی ستھرائی کے نام پر سالانہ کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود زمینی حقائق اس کے برعکس دکھائی دیتے ہیں۔ بارش کے بعد گیس پریشر انتہائی کم ہوجاتی ہے جس سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں متبادل ذرائع نہ ہونے سے شدید سردی میں مشکلات پیش آرہی ہے۔امور خانہ داری سمیت بچے، بوڑھے ، مریض کو دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ لکڑی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہے لوگ اس مہنگائی میں دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوکر رہ گئے ہیں گیس ، بجلی کا بل بھریں یا متبادل ذرائع کا انتظام کریں۔ بجلی کی ا ?نکھ مچولی بھی جاری رہتی ہے۔ کئی گھنٹے بجلی غائب ہونا معمول بن چکا ہے۔ حکومت عوام کو سہولیات دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داری پوری کرنے سے قاصر نظر آرہے ہیں۔