سری لنکا کا نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 172 رنز کا ہدف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ورلڈکپ کے 41ویں میچ میں سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو جیت کےلیے 172 رنز کا ہدف دے دیا۔
بینگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
سری لنکن بیٹرز نے تیز رن ریٹ کے ساتھ بیٹنگ کا آغاز کیا تاہم کیوی بولرز نے اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے ساتھ ساتھ وکٹیں لینے کا سلسلہ بھی شروع کردیا۔
نیوزی لینڈ نے ابتدائی 9 اوورز کے دوران 70 رنز دے کر 5 سری لنکن بیٹرز کو واپس پویلین بھیج دیا۔ یہاں پر کوشل پریرا 52 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔
سری لنکا کی آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد انجیلو میتھیوس اور دھننجایا ڈی سِلوا نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم 16.4 اوورز میں سری لنکا کی چھٹی وکٹ 104 رنز پر گر گئی جب انجیلو میتھیوس 16 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
سری لنکا کی ساتویں وکٹ 18.3 اوورز میں 105 رنز پر گری جب دھننجایا ڈی سِلوا 19 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی آٹھویں وکٹ 23.3 اوورز میں 113 رنز پر گری جب کرونا رتنے 6 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کو 9واں نقصان 128 رنز پر اٹھانا پڑا جب دشمانتھا پریرا 32ویں اوور میں ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ٹاس جیتنے کے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے بالنگ کریں گے۔
نیوزی لینڈ نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی۔ دوسری جانب سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ آج کا میچ بہت اہم ہے اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے بائولنگ کرتے۔