اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی اداکاراؤں رشمیکا منڈانا اور کترینہ کیف کے بعد اب لیجنڈری سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر کی بیٹی سارہ ٹنڈولکر کی بھارتی کرکٹر شبمن گِل کے ساتھ ایک جعلی تصویر وائرل ہوئی ہے .
آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے تیار کردہ تصاویر مشہور شخصیات کو اکثر ہی پریشان کرتی رہتی ہیں اور اس کے حالیہ شاکر شبمن گل اور سارہ ٹنڈولکر بنے ہیں .
شبمن گل اور سارہ ٹنڈولکر کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں ان دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ خوشی سے تصویر بنوانے کے لیے پوز دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے .
یہ تصویر دیکھ کر کئی سوشل میڈیا صارفین تو یہ سمجھنے لگے کہ ان دونوں نے اپنے رشتے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے تاہم کچھ لوگ اس بات کو سمجھنے میں کامیاب رہے کہ یہ تصویر جعلی ہے اور مصنوعی ٹیکنالوجی کی مدد سے بنائی گئی ہے کیونکہ اصل میں سارہ ٹنڈولکر نے یہ تصویر اپنے بھائی ارجن ٹنڈولکر کے ساتھ بنوائی تھی .
حال ہی میں کئی مشہور بھارتی شخصیات کی آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے تیار کردہ جعلی تصاویر اور ویڈیوز کا شکار ہونے کے بعد بھارتی حکومت نے بڑی سوشل میڈیا کمپنیوں کو ایک ایڈوائزری جاری کی ہے .
اس ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ وہ غلط معلومات، ڈیپ فیک اور دیگر مواد غیر قانونی مواد کی نشاندہی اور ان کے خلاف شکایت موصول ہونے کے بعد 36 گھنٹے کے اندر ایسے مواد کو سوشل میڈیا سے ہٹا دیں .
ایڈوائزری میں مصنوعی طور پر تبدیل شدہ تصاویر اور ویڈیوز بنانے والوں کےخلاف سوشل میڈیا کمپنیوں کو 24 گھنٹوں کے اندر کارروائی کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے .