آزاد وطن کے حصول کی جدوجہد کیلئے نوجوانوں کو علامہ اقبال کے افکار پر عمل کرنا ہوگا، شفیق الرحمن مینگل
خضدار(قدرت روزنامہ)حاجی میر نیک محمد مینگل ریزیڈینشل اسکول میں ولادت شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا . تقریب کے مہمان خصوصی جھالاوان عوامی پینل کے سربراہ میر شفیق الرحمن مینگل تھے .
اس موقع پر اسکول کے بچوں کی ایک کثیر تعداد والدین، اساتذہ، سیاسی اور علاقہ عمائدین نے خصوصی طور پر شرکت کی . یوم اقبال کی اس پروقار تقریب میں علامہ محمد اقبال کی وطن عزیز کیلئے خدمات اور فلسفہ پر روشنی ڈالی گئی، ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اسکول ہذا کے طلباءنے ملی نغموں، ٹیبلو اور رنگا رنگ پروگراموں کے ذریعے حاضرین کو محظوظ کیا . آخر میں تقریب کے مہمان خصوصی اور جھالاوان عوامی پینل کے سربراہ میر شفیق الرحمن مینگل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ محمد اقبال جیسا اسکالر، فلاسفر، شاعر صدیوں میں پیدا نہیں ہوتا، انہوں نے اپنے شاعری کے ذریعے برصغیر کے نوجوانوں میں آزادی کے جذبے کو ابھارا اور انہیں شعور دیا کہ مسلمان ایک جدا قوم ہیں، جو ہندوﺅں کے زیرِ تسلط نہیں رہ سکتے . علامہ محمد اقبال نے اپنی شاعری میں طلبہ اور نوجوانوں پر زور دیا کہ نوجوان کسی بھی تحریک میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں . انہوں نے نوجوانوں کو شاہین کے خطاب سے نوازا یہ اقبال کی شاعری کے اثرات تھے کہ مسلمانان برصغیر پاک و ہند میں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوئے اور آزاد وطن کے حصول کیلئے جدوجہد کی اور آخر کار اس میں کامیاب ہوگئے . اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے خیالات و تصورات کو لیکر آگے بڑھیں اور ملک و قوم کی خدمت کریں . واضح رہے حاجی میر نیک محمد ریزیڈینشل اسکول اپنی تعلیمی اور قومی دنوں پر خصوصی تقریبات منانے کے حوالے سے شاندار روایات رکھتا ہے، اس کے پرنسپل اور اساتذہ آئے روز کسی نہ کسی تقریب کا انعقاد کراتے رہتے ہیں جس کا مقصد بچوں کے اندر قومی جذبوں کو ابھارنے کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کے ذریعے ان کی تعلیم و تربیت کرنا بھی ہے . اس طرح کی تقریبات کے انعقاد سے جہاں بچوں کو اپنی تاریخ اور واقعات سے آگاہی ملتی ہے تو دوسری جانب ان کے اندر قومی جذبے پروان چڑھتے ہیں . اس کے لئے اس سکول کے پرنسپل اور دیگر اسٹاف مبارکباد کے مستحق ہیں .
. .