خیبر پختونخوا کے نگران وزیرا علیٰ اعظم خان انتقال گر گئے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)خیبر پختونخوا کے نگران وزیرا علیٰ اعظم خان انتقال گر گئے ۔
نجی اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم خان کوگزشتہ رات دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال لایا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اعظم خان نے نگران صوبائی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کیا تھا تاہم وہ طبیعت خرابی کے باعث اس میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔
ادھر خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم خان کی نماز جنازہ سہ پہر تین بجے چارسدہ میں ادا کی جائے گی۔
اعظم خان کی عمر 87 برس تھی ، انہوں نے 21 جنوری کو بطور نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا حلف لیا تھا، اعظم خان نے ستمبر 1990 سے جولائی 1993 تک چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کے فرائض سرانجام دیئے، جنوری 1997 سے 6 جون 2007 تک یو این ڈی پی کے پروگرام تخفیف غربت کے ایڈوائزر تھے۔
علاوہ ازیں 24 اکتوبر 2007 سے یکم اپریل 2008 تک بطور وزیرخزانہ خیبرپختونخوا خدمات انجام دیئے، 2018 کے نگران سیٹ اپ میں وفاق میں وزیر داخلہ بھی رہے۔