دہانہ سر کی بندش سے ہزاروں لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے، شاہراہ جلد کھولی جائے، پشتونخوا میپ
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں کوئٹہ ڈیرہ اسماعیل شاہراہ کی گزشتہ ایک ہفتے سے بندش جس کے باعث مسافروں ، ٹرانسپورٹروں اور عوام کو درپیش مشکلات پر سخت افسوس کااظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ شاہراہ دہانہ سر کے مقام پر پہاڑی تودہ گرنے (لینڈ سلائیڈنگ) کے باعث کئی روز بند پڑی ہے اور اس شاہراہ پر یومیہ ہزاروں چھوٹی بڑی گاڑیاں سفر کرتی ہے اور خیبر پشتونخوا اور پنجاب کیلئے اس بین الصوبائی قومی شاہراہ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ لیکن وفاقی وصوبائی حکومت ، محکمہ این ایچ اے ، محکمہ مواصلات اس شاہراہ کو بحال کرنے میں مسلسل غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں ، اور ضلعی انتظامیہ اپنی مدد آپ محدود وسائل جو کہ نہ ہونے کے برابر ہے کے ذریعے شاہراہ کی بحالی کیلئے کام کررہی جس کے باعث شاہراہ کی بحالی کئی دن سے معطل رہی ہے۔ بیان میںکہا گیا ہے کہ حکومت ہنگامی بنیادوں پر ضلع ڑوب ،شیرانی میں ا±ن تمام وسائل کوفراہم کرے جن کے ذریعے شاہراہ کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائیں جاسکے کیونکہ یہ پہاڑی سلسلہ ہے اور اکثر یہاں پر لینڈسلائیڈنگ اور شاہراہ بند رہتی ہے جس کے باعث مسافروں ، ٹرانسپورٹروں ، ڈرائیوروں اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ دہانہ سر کے مقام پر شاہراہ پر کام مکمل کرکے جلد از جلد سڑک پر ٹریفک کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائیں جائے اور اس امر تمام تر سہولیات بروئے کار لایا جائے۔