زمان پارک تشدد کیس: صنم جاوید کا 3 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے زمان پارک تشدد کیس میں صنم جاوید کا 3 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا . دوسر ی طرف اسی عدالت نے 129 ملزمان کے خلاف ریکارڈ پیش کرنے کے لئے پولیس کو آخری موقع دے دیا .

عدالت نے شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانتیں بحال کروانے کی درخواست پر سماعت 21 نومبر تک ملتوی کردی . لاہور میں 9 مئی واقعات کے کیسز میں پولیس نے پی ٹی آئی کے 122 کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے .
انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور میں زمان پارک پولیس آپریشن کے دوران تشدد اور توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے کی .
پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمہ سے تفتیش درکار ہے، عدالت جسمانی ریمانڈ فراہم کرے .
عدالت نے صنم جاوید کا 3 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ملزمہ کی تفتیشی رپورٹ طلب کرلی .
اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج ارشد جاوید نے جناح ہاوس حملہ کیس میں نامزد 129 ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی .
پولیس کی جانب سے اے ٹی سی لاہور میں ریکارڈ آج بھی پیش نہیں کیا گیا جس پر عدالت نے پنجاب پولیس کو ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع دے دیا .
بعدازاں عدالت نے درخواست ضمانتوں پر کاروائی 14 نومبر تک ملتوی کر دی .
واضح رہے کہ 129 ملزمان نے ضمانتوں پر رہائی کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے جبکہ جناح ہاوس حملہ کیس کا مقدمہ تھانہ سرور روڈ میں درج ہے .
گزشتہ ماہ جناح ہاؤس کے قریب گاڑیاں جلانے کے کیس میں پی ٹی آٸی رہنما حماد اظہر، میاں اسلم اقبال، حسان نیازی غلام عباس اور علی عباس کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا .
دوسری جانب انویسٹی گیشن پولیس نے 9 مئی کو جناح ہاؤس میں موجود افراد کی نئی فہرستیں تیار کرلیں جن میں 2 پولیس افسران کے نام اور تصاویر بھی شامل ہیں .
شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانتیں بحال کروانے کی درخواست پر سماعت ملتوی
انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور میں جناح ہاؤس حملہ سمیت جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات کی سماعت کے دوران شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانتیں بحال کروانے کی درخواست پر ان کے وکیل نے جزوی دلائل دیے .
جج ارشد جاوید نے شاہ محمود قریشی کے وکیل سے مزید دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی .
پی ٹی آئی کے 122 کارکن زیر حراست
لاہور میں 9 مئی واقعات میں ملوث افراد کے گرد شکنجہ مزید کس دیا گیا، پولیس نے پی ٹی آئی کے مزید 122 کارکنوں کو دھر لیا .
پولیس کے مطابق تکنیکی بنیادوں پر تیار کی گئی 850 افراد کی نئی فہرست میں سے پی ٹی آئی کے 122 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے .
پولیس نے گرفتار 104 افراد کو نشاندہی کیلئے جیل بھجوا دیا ہے . پولیس کا کہنا ہے کہ دیگر افراد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں جنھیں جلد دھر لیا جائے گا .

. .

متعلقہ خبریں