ایمرجنسی ہیلتھ فنڈز عوامی فلاح پر خرچ، کورونا کے دوران جاری اربوں روپے کا آڈٹ کرایا جائے، ینگ ڈاکٹرز
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی جانب سے اپنے بیان میں کہا گیا ہے کہ گورنمنٹ آف بلوچستان کی طرف سے جو 10 کروڑ ایمرجنسی ہیلتھ فنڈ ریلیز ہوا ہے اس تمام بجٹ کو عوام کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال کیا جائے اور اس سے سنڈیمن پراونشل اسپتال کوئٹہ میں شہید ڈاکٹر شکراللہ کے نام سے اسٹیٹ آف دی آرٹ آئی سی یو بنایا جائے جس میں آئی سی یو کی مہارت رکھنے والا عملہ ہو، تمام بہترین مشینری موجود ہو ڈبلیو ایچ او کے اصولوں کے مطابق تمام سہولیات سے آراستہ آئی سی یو بنایا جائے اور اسپتال کی لیبارٹری کو مستند تشخیص کے قابل بنایا جائے، تمام ضروری سامان لیبارٹری میں مہیا کیا جائے تا کہ بروقت ہر ٹیسٹ آسانی سے میسر ہوسکے۔ کرونا وباءمیں ریلیز ہونے والا اربوں روپے کرپشن کی نذر ہوئے، کرونا وباءکے دوران ریلیز ہونے والے اربوں روپے کے بجٹ کا آڈٹ کروایا جائے۔ کانگو کی مد میں ریلیز ہونے والے بجٹ کو کرپشن کی نذر ہونے نہیں دیں گے۔ سرکاری اسپتالوں کی حالت زار بہتر بنانے کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔