ایل پی جی سکینڈل ،اقبال زیڈ احمد 2 بیٹوں سمیت گرفتار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نیب نے درخواست ضمانت مسترد کیے جانے پر ایل پی جی سکینڈل اور منی لانڈرنگ ریفرنس میں نامزد کاروباری شخصیت اقبال زیڈ احمد اور ان کے 2 بیٹوں سمیت 6 افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نمبر ایک میں اہم کاروباری شخصیت اقبال زیڈ احمد ودیگر کے خلاف ایل این جی اسکینڈل او منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے موقع پر ریفرنس میں نامزد ا قبال زیڈ احمد ، ان کے بیٹے فصیح الدین احمد ، رضی الدین احمد ، عاصم افتخار ، قاضی ہمایوں اور سلامت علی پیش ہوئے، اس موقع پر اقبال زیڈ احمد کے وکیل فاروق ایچ نائیک بھی عدالت میں موجود تھے۔
فاروق ایچ نائیک نے عدالت میں ملزمان کی طرف سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی ۔
نیب ذرائع کے مطابق عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس موقع پر ملزمان کو ضمانت قبل از گرفتاری نہیں دی جاسکتی بلکہ ان کی گرفتاری کے بعد آپ عدالت میں درخواست ضمانت دائر کر سکتے ہیں۔
انچارج حج احتساب عدالت نے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری مسترد کرتے ہوئے نیب کو ملزمان کی گرفتاری کا حکم دید یا جس پر نیب نے اقبال زیڈ احمد ، ان کے بیٹوں فصیح الدین احمد ، رضی الدین، قاضی ہمایوں فرید ، عاصم افتخاراور سلامت علی کو حراست میں لے لیا بعدازاں سخت سکیورٹی میں نارا جیل منتقل کر دیا گیا۔