براہ کرم حج کے دوران یہ کام نہ کریں ، سعودی وزارت حج کی حجاج کرام سے بڑی اپیل

ریاض (قدرت روزنامہ) سعودی وزارت حج نے حج 1442کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے ہیں مگر ساتھ ہی سعودی وزارت حج نے حجاج کرام سے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی ہر گز نہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔

العربیہ کے مطابق سعودی وزارت حج کی جانب سے کہاگیا کہ اللہ کے حکم سے احتیاطی تدابیر اور اقدامات کے ذریعے کورونا کی وباءکے بیچ حج صحت کے پہلو سے محفوظ رہے گا، تمام عازمین حج تمام احتیاطی اقدامات کی مکمل پابندی کریں جن میں جسمانی فاصلہ ، ماسک کا استعمال اور ذاتی صفائی کا اہتمام شامل ہیں ۔ کورونا ویکسین کی دوسری خوراک کے حصول کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا ہے ۔

سعودی وزیر صحت کے مطابق متعدد طبی تنصیبات اور مراکز تیار کئے گئے ہیں جو اللہ کے مہمانوں کی دیکھ بھال کریں گے ، تین ہسپتال عرفات کے مشرق میں جبل رحمہ اور وادی منیٰ میں ہیں ۔

علاوہ ازیں چھ طبی مراکز بھی موجود ہیں جن میں سے دو عرفات میں ، ایک عرفات کے پیدل راستے جبکہ تین مراکز منی میں ہیں ۔

وزارت حج کے مطابق گرمی کے پیش نظر خصوصی انتظامات بھی کئے گئے ہیں تاکہ لو لگنے کی صورت می حجاج کرام کو فوری طبی امداد دی جا سکے ۔