اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے انعقاد کے حوالے سے گورننگ کونسل کا اجلاس منگل کو لاہور میں طلب کرلیا گیا .
تفصیلات کے مطابق میٹنگ میں پی ایس ایل کے وینیوز اور تاریخوں کو حتمی شکل دی جائے گی .
پی ایس ایل کی مجوزہ تاریخیں 8 فروری سے 24 مارچ ہیں تاہم ملک میں 8 فروری کو ہی عام انتخابات کی وجہ سے بعض فرنچائزز اور بورڈ آفیشلز لیگ کا یو اے ای میں انعقاد چاہتے ہیں .
گورننگ کونسل کے اجلاس میں پلیئرز ڈرافٹ کی تاریخ اور میڈیا رائٹس کے حوالے سے بھی بات ہوگی .
میٹنگ کے ایجنڈے میں سروگیٹ ایڈورٹائزنگ بھی شامل ہے جس میں فرنچائزز کو حکومتی ہدایات کی روشنی میں اس سے باز رہنے کی ہدایت دی جائے گی . بعض فرنچائزز نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس پر سروگیٹ کمپنیز کے لوگو ہٹا بھی دیے ہیں .
تمام فرنچائزز کو اس حوالے سے حکومتی نوٹیفکیشن کی کاپی بھی بھیجی گئی ہے . نوٹیفیکیشن کے مطابق سیروگیٹ ایڈورٹائزنگ پر پی ایس ایل کے دروازے مکمل بند ہونگے جبکہ آئندہ ایڈیشن میں کسی فرنچائز کو اجازت نہ ہوگی .
نوٹیفکیشن سے متعلق ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہدایت نہیں ملی صرف مشورہ دیا گیا ہے . معاملے پر مزید غور کریں گے .