اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی مقبول اداکارہ عائزہ خان نے فلسطینیوں کے لیے دعائیہ پوسٹ شیئر کرنے کے بعد اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے مداحوں سے معافی مانگ لی .
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے لکھا کہ میری نیت صرف اللّٰہ جانتا ہے، غلطی انسان سے ہوتی ہے اور میں بھی انسان ہوں .
انہوں نے طویل پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں ایک مسئلے پر بات کرنا چاہتی ہوں جو سوشل میڈیا پر غلط انداز میں گردش کر رہا ہے، میں یہاں وضاحت یا صفائی پیش نہیں کروں گی کیونکہ میری نیت صرف اللّٰہ جانتا ہے کہ اس میں کسی قسم کی بدنیتی نہیں تھی لیکن میں اسے صحیح انداز میں پیش نہیں کر سکی .
عائزہ خان نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میں اس کی پوری ذمے داری لیتی ہوں، ذاتی طور پر، اپنی ٹیم کی جانب سے بھی اور اپنے مداحوں سے تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں جنہیں میرے بیان سے تکلیف پہنچی .
انہوں اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں اس سنگین معاملے پر توجہ دلانے کے لیے آپ سب کی شکر گزار ہوں، غلطی انسان سے ہی ہوتی ہے اور میں بھی انسان ہی ہوں تاہم اس بات کی یقین دہانی کرواتی ہوں کہ اس طرح دوبارہ نہیں ہو گا .
عائزہ خان نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا ہے کہ میں اس بربریت سے گزرنے والوں کی تکلیف کو محسوس کر سکتی ہوں لیکن میں جب بھی یہ سب دیکھتی ہوں تو اپنے آپ کو بے بس محسوس کرتی ہوں اور غم زدہ ہو جاتی ہوں .
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ اگرچہ سوشل میڈیا پر میری جانب سے آگاہی کے ذریعے اس مسلئے کا فوری حل نہیں نکل سکتا لیکن میں اللّٰہ پر یقین رکھتی ہوں کہ وہ دعاؤں کے طفیل یہ سب کچھ بدلنے کی طاقت رکھتا ہے .
اداکارہ نے ایک بار پھر دعاؤں پر زور دیتے ہوئے لکھا ہے کہ فلسطینیوں کی آواز بننے کے ساتھ ساتھ ان کے حق میں دعائیں بھی کیجیے کیونکہ ہم اُسی کی مدد کے محتاج ہیں اور میری دعائیں فلسطینیوں کے ساتھ ہیں .