’ایشوریہ رائے سے شادی کروں تو۔۔۔‘ عبدالرزاق کو عجیب وغریب مثال دینا مہنگا پڑا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے کے بارے میں اپنے حالیہ ریمارکس کے باعث ٹرولرز کا نشانہ بن گئے، انہوں نے ورلڈ کپ 2023 میں قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا تجزیہ کرتے ہوئے پی سی بی پر تنقید کیلئے عجیب وغریب تشبیہہ دی تھی۔
عبدالرزاق کی جانب سے سابق کپتان یونس خان کو سراہنے کیلئے اُن کی ’نیت‘ بتاتے ہوئے ایشوریہ کی مثال دی گئی جسے اسٹیج پر بیٹھے ساتھیوں نے بے حد سراہا، عمر گل، شاہد آفریدی اور دیگر نے تالیاں بجائیں۔
وائرل ویڈیو کلپ میں عبدالرززاق کا کہنا ہے کہ آگرآپ کی سوچ یہ ہے کہ ’ایشوریہ رائے سے شادی کرنے سے اچھا اور نیک بچہ پیدا ہوگا تو ایسا کبھی نہیں ہوگا‘۔
کرکٹر نے یہ مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہماری نیت ہی نہیں ہے کہ ہم کسی چیز کو بہتر کریں۔
ان کے اس بیان سے انٹرنیٹ صارفین میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اور وہ سابق کرکٹرکی جانب سے ایسے الفاظ کے استعمال کو ’شرمناک‘ قرار دے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے ایسی منطق کو سراہنے والے کھلاڑیوں پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔
بھارت سے تعلق رکھنے والے ایکس صارفین کا کہنا تھا کہ ’پاکستان میں کچھ اسکول تعمیر کیے جانے کا بہترین وقت ہے!‘
کچھ صارفین نے کہا کہ ’ہہ کوئی بیان نہیں ہے، یہ خالص تیسرے درجے کی ذہنیت ہے‘۔
عبدالرزاق نے کرکٹ بورڈ کے اندر نیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سفارش کی کہ پی سی بی کھلاڑیوں کی ترقی کے لئے مستقل لگن برقرار رکھے۔