بلوچستان

قائد ن لیگ نوازشریف کی بلوچستان میں سیاسی جماعتوں کی قیادت سے ملاقات شروع


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور سابق وزیراعظم شہبازشریف کوئٹہ میں ہیں اور بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کی قیادت سے ملاقات کررہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کوئٹہ پہنچ گئے ہیں، شہباز شریف اسحاق ڈار، مریم نواز اور دیگر سیاسی رہنما ان کے ہمراہ ہیں۔
لیگی قیادت اور بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کی قیادت کی ملاقات شروع ہوگئی ہے، نوازشریف، شہبازشریف، مریم نواز، پرویز رشید و دیگر قیادت موجود ہے، جب کہ بی اے پی، نیشنل پارٹی، جے یو آئی اور پشتونخوامیپ کے قائدین بھی ملاقات میں شامل ہیں۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔
بلوچستان کی اہم سیاسی قیادت سے ملاقات کے موقع پر نواز شریف نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی ہمیں ہمیشہ سے عزیز رہی ہے، بلوچستان میں سڑکوں کا جال بچھانے کا سلسلہ شروع کیا، گوادر سے کوئٹہ تک عوام کو سفر کی بہترین سہولیات فراہم کیں۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ گوادر، کوئٹہ سڑک کی تعمیر سے 2 دن کا سفر 8 گھنٹے کا رہ گیا، سڑک کی تعمیر کے دوران 40 سے زائد نوجوان شہید ہوئے، گوادر سے خضدار اور رتو ڈیرو شاہراہ تعمیرکی، سڑک کی تعمیرسے جنوبی بلوچستان کےعلاقوں کو سندھ سے جوڑا ہے۔
ملک میں امن و امان اور بجلی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے قائد ن لیگ نے مزید کہا کہ دہشت گردی کو ہم نے مکمل طور پر ختم کیا، اور لوڈشیڈنگ کو بھی مکمل طور پر ختم کر دیا تھا۔
اس قبل سابق وزیراعلی بلوچستان جام کمال نواز شریف سے ملاقات کیلئے نجی ہوٹل پہنچ گئے، جہاں صحافی نے ان سے سوال کیا کہ آج آپ مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔
جام کمال نے کہا کہ آج میاں صاحب سے ملاقات ہے،باقاعدہ اعلان کریں گے، کوشش ہے بہتر ٹیم بناکر بلوچستان کو آگے لیکر جائیں، بہت عرصے سے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے تھے، امید ہے معاملات بہتری کی طرف جائیں گے۔
اس سے قبل ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 21 اکتوبر کو وطن واپسی کے بعد نوازشریف پہلی بار بلوچستان جارہے ہیں، وہ صوبے کے اہم سیاسی قائدین سے اہم ملاقاتیں کریں گے، اور قائدن ن لیگ پارٹی کے اہم تنظیمی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
صدر ن لیگ اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ بلوچستان کی ترقی کا سفر آگے بڑھانے کے لئے کوئٹہ جا رہے ہیں، نواز شریف کا دورہ ہمارے عزم کا عکاس ہے، پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے مشروط ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر سے بلوچستان کی بڑی سیاسی جماعت بننے جارہی ہے، اور ن لیگ بلوچستان کے سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے دعویٰ کیا ہے کہ بڑی سیاسی شخصیات ن میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے والے سابق صوبائی وزراء میں سردار عبدالرحمان کھیتران، محمد خان طور اتماخیل، محمد خان لہڑی، عبدالکریم نوشیروانی، نواب چنگیز مری، نور محمد دمڑ، عبدالغفور لہڑی، سردار مسعود لونی، ڈاکٹر ربابہ بلیدی، مجیب الرحمان محمد حسنی سمیت دیگر سابق وزراء شامل ہیں۔
سحر گل خلجی سمیت سینیئر سیاست دان اراکین اپنی باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریں گے۔

متعلقہ خبریں