استعفیٰ یا برطرفی؟ بابر اعظم کی کپتانی سے متعلق فیصلے کی گھڑی آگئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم وائٹ بال ٹیم کے کپتان رہیں گے یا نہیں، اس حوالے سے اہم فیصلہ آج پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی میٹنگ میں متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے ورلڈکپ 2023 میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد کپتان اور ٹیم ڈائریکٹر سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ آج میٹنگ میں چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کپتان سے دو ٹوک بات کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتان بابر اعظم خود ہی پی سی بی کے کسی فیصلے سے قبل قیادت چھوڑنے کا اعلان کرسکتے ہیں۔ اس حوالے سے ذکا اشرف کپتان سے الگ ملاقات بھی کریں گے جہاں انہیں کپتانی چھوڑنے کا مشورہ دیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ اور دیگر سینیئر کھلاڑیوں کا یہ خیال ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں بابر کو کپتان برقرار رکھنا چاہیے جبکہ صرف وائٹ بال میں ذمہ داری واپس لینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
دوسری طرف ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر سمیت دیگر کوچز کو بھی پی سی بی کی طرف سے مستعفی ہونے کا آپشن دیا جائے گا۔ پی سی بی حکام ملکی کوچز کی تقرری چاہتے ہیں، اس حوالے سے مختلف آپشنز پر پہلے ہی غور کیا جارہا ہے۔