بشری بی بی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے تنہائی میں ملاقات کی درخواست دائر کردی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے اپنے شوہر عمران خان سے تنہائی میں ملاقات کے لئے اسلام آباد ہائی کورت میں درخواست دائر کردی ہے، جس میں کہا ہے کہ جیل حکام کی موجودگی کے باعث خاندانی معاملات پر بات نہیں کر سکتی۔
چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے جیل میں اپنے شوہر سے تنہائی میں ملاقات کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔
بشری بی بی نے اپنی درخواست دائر میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے شوہر سابق وزیراعظم ہیں جو 5 اگست 2023 سے جیل میں قید ہیں۔
درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ ہر منگل کو ان کی جیل میں شوہر سے ملاقات کی اجازت ہے، تاہم وہ ملاقات کے دوران جیل حکام کی موجودگی کے باعث خاندانی معاملات پر بات نہیں کر سکتیں۔
درخواست میں استدعا کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ چونکہ وہ جیل ملاقات کے دوران اپنے شوہر سے ذاتی و نجی گفتگو اور فیملی سے متعلقہ امور پر بات چیت نہیں کر پا رہیں اس لیے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو شوہر سے تنہائی میں ملاقات کرانے کے احکامات جاری کئے جائیں۔