ہم ایسا پاکستان بنا رہے تھے جہاں مہنگائی نہ ہو: نواز شریف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے مرکزی قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہم تو ایسا پاکستان بنا رہے تھے جہاں مہنگائی نہ ہو، عوام کی زندگی مشکل نہ ہو .
کوئٹہ میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی زیرِ صدارت پارٹی ورکرز کنونشن ہوا .


ن لیگ ورکرز کنونشن میں شہباز شریف، مریم نواز، صوبائی صدر جعفر مندوخیل اور دیگر قائدین نے بھی شرکت کی .
نواز شریف نے ورکرز کنونشن میں پارٹی رہنماؤں اور ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے بلوچستان میں سڑکوں کا جال بچھایا اور ڈیمز بنائے، بلوچستان کے طلباء کو ملک کے بہترین تعلیمی اداروں میں پڑھنے کا حق ہے .
انہوں نے کہا کہ کچھی کنال کے لیے ہم نے 50 ارب روپے دیے، باتیں کرنے والے بہت آئے، ن لیگ نے گوادر، کوئٹہ ژوب سمیت سب علاقوں کے بارے میں سوچا، کوئٹہ سے اسلام آباد جانے والا راستے کا منصوبہ 2018ء میں مکمل ہونا تھا جو اب تک نہیں ہوا، اُن لوگوں میں اور ہم میں کچھ تو فرق ہے .
نواز شریف کا کہنا ہے کہ اپنے بچوں، دوستوں اور رشتے داروں کو بتائیں کس نے بلوچستان کی خدمت کی، جب میں پہلی مرتبہ وزیرِ اعظم بنا تھا تب سے گوادر کا نام لے رہا ہوں .
سابق وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان میں کیا نیا ہوا؟ ہمارے شروع کیے منصوبے بھی رُکے رہے، اپنے معاشرے میں تہذیب، شرافت اور شائستگی و احترام واپس لائیں گے، ہم نے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی ختم کی، 20، 20 سال منصوبے مکمل نہیں ہوتے تھے، ہم نے مہینوں میں منصوبے مکمل کیے .
مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ 2017ء میں عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلا دی تھی، بلوچستان، خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک سے دہشت گردی ختم کی، آپ کو یاد ہونا چاہیے کہ کون کیا کر کے گیا ہے، شہباز شریف کے بنائے دانش اسکولوں میں بچوں کو داخلہ دیا، بلوچستان کے بچوں کو تعلیم کی بہترین سہولتیں دینا چاہتے ہیں، باتیں کرنے والے بہت آئے، عملی طور پر کچھ نہیں کیا، ڈیڑھ دن میں گوادر سے کوئٹہ لوگ پہنچتے تھے، ہم نے اُن کی یہ تکلیف ختم کی، گوادر کوئٹہ شاہراہ کی تعمیر سے اب آپ ناشتہ گوادر اور دوپہر کا کھانا کوئٹہ میں کھا سکتے ہیں .
انہوں نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا صرف سڑکوں، تعلیم، صحت تک محدود نہیں ہو گا، پاکستان کا سب سے بہترین ہوائی اڈہ گوادر میں مکمل ہونے والا ہے، ہم نے گوادر کا نام اُس وقت لیا جب 1990ء میں، میں وزیراعظم بنا تھا، عوام کو بجلی کے مہنگے بلوں سے آزاد کرنا چاہتے ہیں، سولر پینلز کی اسکیم لائیں گے، گھریلو، کمرشل اور زرعی صارفین کو سولر پینلز سے مہنگی بجلی سے نجات دلائیں گے .
ان کا کہنا ہے کہ تبدیلی لانے والے 4 سال میں کون سے تبدیلی لائے، تبدیلی لانے والے حسد اور گالیاں ہمارے معاشرے میں لے آئے، ہمارے جلسوں میں خواتین عزت کے ساتھ بیٹھتی ہیں، ہمارے جلسے میں خواتین رقص نہیں کرتیں، نئے پاکستان میں دھرنے دیے گئے .
نواز شریف نے 9 مئی واقعہ میں شہید نوجوان کے والد سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ وکیل کریں ہم آپ کے ساتھ ہر تعاون کریں گے .
نواز شریف نجی ہوٹل سے ایئر پورٹ کے لیے روانہ ہو گئے، شہباز شریف، مریم نواز، پرویز رشید، مریم اورنگزیب سمیت دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے .

. .

متعلقہ خبریں