شان مسعود 2 سال تک پاکستان ریڈ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز شان مسعود کو 2 سال تک کیلئے ریڈ بال کرکٹ کا کپتان مقرر کردیا گیا ہے، ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان کیلئے آسٹریلیا سیریز سے قبل اعلان کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق بابر اعظم کی جانب سے گزشتہ روز تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے دستبردار ہونے کے بعد شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ شان مسعود آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 2023-25 تک ٹیم کی قیادت کریں گے۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ ٹیبل پر پاکستان ٹیم اس وقت سرفہرست ہے۔ پاکستان نے ورلڈکپ 2023 سے قبل سری لنکا کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔ ٹیبل میں دوسرے نمبر پر بھارت اور تیسرے پر آسٹریلیا موجود ہے۔
خیال رہے کہ ورلڈ کپ کے اختتام کے فوری بعد پاکستان دسمبر میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گا جہاں وہ تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلے گا۔ پہلا ٹیسٹ 14-18 دسمبر، دوسرا 26-30 دسمبر اور تیسرا ٹیسٹ میچ 3-7 جنوری تک کھیلا جائے گا۔
دوسری طرف حال ہی میں قومی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی کپتان منتخب ہونے والے پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی فی الحال مدت سامنے نہیں آئی۔ عین ممکن ہے کہ جون 2024 میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شاہین آفریدی ہی قیادت کریں گے۔
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں نائب کپتانی کی بات کی جائے تو شاداب خان کے نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں اسکواڈ میں شامل ہونے کی صورت میں وہی نائب کپتان ہونگے۔ شاداب خان کی غیر موجودگی میں محمد رضوان کو نائب کپتان بنایا جاسکتا ہے۔